زیادتی کے واقعات افسوسناک ہیں‘ مجرموں کو شرعی سزا دی جائے: میاں جمیل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) زیادتی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ مجرموں کو شرعی سزائیں دی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے مرکزی سربراہ میاں محمد جمیل نے مختلف شہروں میں یکے بعد دیگرے ہونیوالے بچیوں سے زیادتی کے واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو اسلامی قانون کے مطابق سرعام سنگسار کیا جائے۔ میاں جمیل نے کہا کہ اسلامی سزاؤں کو وحشیانہ قرار دینے والوں کی زیادتی کے واقعات سے آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ انہوں نے پولیس کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی دن گزر جانے کے باوجود ملزموں کا سراغ نہ ملنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ میاں جمیل نے کہا کہ اسلامی قوانین کے نفاذ سے ہی عزت اور جان محفوظ ہو گی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔