• news

ترکی کے سرمایہ کاروں سے 6 معاہدوں پر دستخط ‘ منصوبے روشن مثال ثابت ہوں گے : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور انکے وفد نے گزشتہ روز انقرہ اور استنبول میں ترکی کے مختلف سرمایہ کاروں کے ساتھ مفاہمت کی مختلف یادداشتوں اورچھ معاہدوں پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں کے مطابق ترکی پنجاب میں ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، انرجی اورانسداددہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کریگا۔ اسکے علاوہ ترکی پاکستان میںجرائم کے خاتمے کیلئے تربیت کے شعبوں میں بھی پاکستان کی مدد کریگا۔ انرجی کے شعبے میں تعاون کے ایک معاہدے کے تحت پنجاب میں ونڈ انرجی پیداکرنے کا 16میگا واٹ کا منصوبہ لگایا جائیگا۔ ان معاہدوں کی تقربیات کے بعد وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترکی کے تعاون سے شروع کئے جانے والے منصوبے روشن مثال ثابت ہوئے ہیں اور وزیراعظم کے دورے کے بعد پاک ترک تعاون کا دائرہ کار پاکستان کے تمام صوبوں تک پھیل جائیگا۔ انہوں نے کہا ترکی کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ ترکی کو بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم میں خصوصی مہارت حاصل ہے چنانچہ راولپنڈی اور فیصل آباد میں میٹرو بس چلانے کیلئے ترک سرمایہ کاروںسے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے طورپر ان کا ترکی کا یہ چوتھا دورہ ہے ہماری ہمیشہ کی یہ خواہش رہی تھی کہ پاکستان ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو اقتصادی اور تجارتی تعاون میں تبدیل کیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اس میدان میں ٹھوس اقدامات کئے اور آج پاکستان میں ترکی کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہورکو صاف ستھرا شہر دیکھنا چاہتا ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ترک کمپنی کے ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا معاہدہ کیا ہے۔پیشتر ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے استنبول کے میئر قادر توپباش سے طویل ملاقات کی اورپنجاب میں مختلف منصوبوںمیں ترکی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے دل لاہور میں میٹروبس کا منصوبہ پاک ترک دوستی کی خوبصورت مثال ہے۔ استنبول کے میئر نے ملاقات میں کہا کہ لاہور میں میٹروبس منصوبے کی تکمیل کی رفتار اور اسکے معیار نے ترک  انجینئرز کو بھی حیران کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن