این اے 25 ڈی آئی خان، تحریک انصاف کامیاب، فضل الرحمن کی جیتی سیٹ انکا بیٹا ہار گیا
ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) این اے 25 ٹانک کے ضمنی الیکشن میں غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار داور کنڈی 74000ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل جے یو آئی (ف) کے امیدوار مولانا اسعد محمود نے 62721 ووٹ حاصل کئے۔ رات 9 بجے کے بعد ٹانک میں کرفیو نافذ ہونے کے باعث اطلاعات کے حصول میں مشکلات درپیش رہیں۔ یہ حلقہ جے یو آئی (ف) کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور جنرل انتخابات کے دوران یہاں سے مولانا فضل الرحمن کامیاب ہوئے تھے۔ یوں جے یو آئی(ف) کی سیٹ تحریک انصاف لے گئی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے آبائی علاقے عبدالخلیل میں ووٹ کاسٹ کیا۔ این اے 25 میں پولنگ سٹیشنوں پر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج اور ایف سی بھی تعینات کی گئی تھی۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 25 ٹانک کے پورے ضلع اور ڈیرہ اسماعیل خان کی تین تحصیلوں درابن، کلاچی اور پہاڑ پور پر مشتمل ہے۔ ضمنی انتخابات کیلئے حلقے میں 360 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ ٹانک میں قائم تمام 29 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا تھا اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔