ججز نظربندی کیس: مشرف کیخلاف تیسرا چالان تیار، کل پیش کیا جائیگا، مزید گواہ شامل
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف تیسرا چالان مرتب کر لیا گیا۔ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف تیسرا نامکمل چالان مرتب کر لیا ہے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے جانچ پڑتال کے بعد چالان عدالت میں پیش کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ سابق صدر کے خلاف تیسرے چالان میں مزید 11 گواہ شامل کئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وکلائ، پولیس اہلکاروں اور سرکاری گواہوں سمیت 46 گواہ چالان میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سیکرٹری قومی اسمبلی کو بھی گواہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ پرویز مشرف کے خلاف 27 گواہوں کو طلبی کے سمن جاری کئے جا چکے ہیں۔