• news

23 ستمبر کو عدالت سے مثبت جواب نہ ملا تو نجم سیٹھی مستعفی ہو جائینگے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے عدالت کی جانب سے اختیار نہ دئیے جانے پر مستعفی ہونے پر غور شروع کر دیا ہے۔ نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 23 ستمبر کو عدالت سے مثبت فیصلے کی توقع ہے، اگر 23 ستمبر کو بھی عدالت کی جانب سے مثبت جواب نہ ملا اور معاملات جوں کے توں رہے تو وہ وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کرکے کرکٹ بورڈ کے مسائل اور پریشانیوں سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس ملاقات کے باوجود صورتحال میں تبدیلی نہ آئی تو وہ کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین کی حیثیت سے مستعفی ہو جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ طویل عرصے سے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے بغیر کام کر رہا ہے جبکہ اس کے علاوہ کئی دیگر کام بھی عدالتی مداخلت کی وجہ سے ادھورے پڑے ہیں۔ عدالت نے ہمارے ہاتھ باندھ رکھے ہیں اور ہم کوئی بڑا فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ زمبابوے کیخلاف سیریز کے حوالے سے معین خان نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے جس کی تفصیلات ابھی نہیں بتائی جا سکتی جبکہ کوچ ڈیو واٹمور اور کپتان مصباح الحق سے بھی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق تاحال بات نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن