پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک لگانا مارشل لاءکے مترادف ہو گا : ارشد چودھری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپئن ارشد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک لگانا کھیلوں پر مارشل لاءلگانے کے مترادف ہوگا، جمہوری حکومت کے دور میں ایسے غیر جمہوری اقدام کا تصور بھی نہیں کرنا چاہئے۔ پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے آئین کے مطابق سیکرٹری کی تبدیلی کا عمل مکمل کیا اور اب انتخابات کے بعد نئے عہدیداروں کی تقرری کا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا۔پی ا یچ ایف پر ایڈہاک کا مطالبہ کرنے والے سابق اولمپئن اگر ہاکی کے ساتھ مخلص ہیں تو پی ایچ ایف کے انتخابی عمل میں حصہ لے کر اپنے جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت دیں۔پاکستان ہاکی ٹیم کا ورلڈکپ سے باہر ہونا کسی المیہ سے کم نہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ کو اس کا قصور وار قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ انہیں آٹھویں نمبر کی ٹیم ملی تھی جس کے باوجود ٹیم نے پہلے سے بہتر نتائج دئیے۔ پی او اے معاملے کو بھی جمہوری انداز میں حل ہونا چاہیے۔ متوازی اولمپک ایسوسی ایشن کے قیام سے پاکستان میں کھیلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے اور اس صورتحال سے کھلاڑیوں میں بھی مایوسی پھیل رہی ہے جوکہ پاکستان کے مستقبل کے لئے بھی باعث تشویش ہے۔