• news

ترکی سے دوستی معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے‘ دورہ سے نئے دور کا آغاز ہوا : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ دوستی وقت کے ساتھ پائیدار معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ ترکی سے دونوں ملکوں کے مابین دوستی اور تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے اور تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیکورٹی ، انسداد دہشت گردی ، انفراسٹرکچر ، توانائی، سالڈویسٹ مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ یہ دورہ پاک ترک دوستی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے اور تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں جس سے پاکستان میں ترک سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ گزشتہ روز ایک بیان میں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالہ دور میں صوبہ پنجاب میں ترکی کے تعاون سے متعدد منصوبے مکمل کئے اور ترکی کی کمپنیوں نے پنجاب میں مختلف شعبوں میںاربوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ ترکی کے دوران پاکستانی وفد کو زبردست پذیرائی ملی۔ ترک عوام کی محبت اور پذیرائی نے دل موہ لئے۔ دورہ کے دوران پنجاب حکومت اور ترک سرمایہ کار کمپنیوں کے مابین تعاون کے 6 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ترک کمپنیاں پنجاب میں توانائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ، انسداد دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں پنجاب کے ساتھ تعاون کریں گی۔ پاکستانی وفد کے دورہ ترکی سے دونوں ملکوں کی دوستی مزید مضبوط ہوگی اور قربتیں بڑھنے کے ساتھ دوطرفہ معاشی و تجارتی تعاون فروغ پائے گا۔ آنے والے دنوں میں ترکی سے کئے گئے معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ایک وقت تھا جب ترکی کو یورپ کا مرد بیمار کہہ کر پکارا جاتا تھا مگر وزیر اعظم طیب اردگان اور صدر عبداللہ گل کی قیادت میں ترکی نے تیز رفتاری سے ترقی کر کے اقوام عالم کو حیران کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلی پنجاب یہ ان کا ترکی کا چوتھا دورہ تھا جو پاکستان اور ترکی کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے اور حالیہ دورہ سے باہمی تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترکی کو بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم میں خاص مہارت حاصل ہے اس لئے لاہور کی طرز پر راولپنڈی اور فیصل آباد میں میٹروبس چلانے کے لئے ترک سرمایہ کاروں سے بات چیت کی ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کوتمام ممکنہ سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیںگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی کے عفریت کا سامنا ہے اور حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کے لئے میئر استنبول قادر توپباش کا یہ خراج تحسین کسی اعزاز سے کم نہیںہے کہ پنجاب میں میٹروبس کا منصوبہ جس تیز رفتاری اور معیار سے مکمل کیا گیا ہے اس پر ترک انجینئرز بھی حیران ہیں۔ انشاءاللہ امانت، دیانت اور محنت کو شعار بناتے ہوئے آگے بڑھتے رہیں گے اور ملک کو مسائل سے نکال کر اسے قائدؒ و اقبالؒ کا ملک بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن