• news

بلاول آج 25 ویں سالگرہ منائیں گے

لاہور + لندن + کراچی (خصوصی رپورٹر) شہید بےنظیر بھٹو کے صاحبزادے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی 25 ویں سالگرہ (آج) منائی جائے گی۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام پارٹی کے صوبائی دفتر ماڈل ٹا¶ن میں اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہو رہی ہے جس میں صدر پنجاب میاں منظور وٹو، جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان غلام محی الدین و دیگر شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو 21 ستمبر 1988ءکو پیدا ہوئے اور اپنی والدہ کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری سنبھالی، ان کی سالگرہ کے موقع پر بلاول لورز کونسل اور پیپلز پارٹی کے تمام ونگز ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کر کے ان کی سالگرہ کے کیک کاٹیں گے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اپنی 25ویں سالگرہ والد اور بہنوں کے ہمراہ منائینگے۔ بلاول بھٹو 25 سال کے ہونے کے بعد رکن اسمبلی بننے کے اہل ہو جائیں گے۔ توقع ہے کہ انہیں جلد ہی پارٹی چیئرمین منتخب کر لیا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی کی نشست پر اسمبلی میں لایا جائے گا۔ جمعہ کو پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کم عمری کے باعث انہیں عارضی سرپرست اعلیٰ بنایا گیا تھا۔ بلاول بھٹو کو قومی اسمبلی میں ایک نشست خالی کر کے قومی اسمبلی میں لایا جا سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے بلاول بھٹو کو ہی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب کر لیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن