• news

غیرجماعتی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن کا معاملہ پنجاب اسمبلی سے منظور قانون میں موجود ہے

لاہور (خواجہ فرخ سعید) بلدیاتی انتخابات رواں برس ہو سکیں گے یا نہیں یہ سوال عوامی اور سیاسی حلقوں میں گردش کر رہا ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے اس بارے میں وزیر قانون و بلدیات رانا ثناءاللہ خان ایک سے زائد مرتبہ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے اور اس کیلئے 27 دن کا شیڈول دے کر انتخابات کروا سکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے حکمرانوں کا مﺅقف رہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے نادرا کے ریکارڈ کے مطابق حلقہ بندیاں کرکے کروانا زیادہ بہتر ہو گا اور اگر ایسا کیا جائے تو پنجاب حکومت دسمبر میں الیکشن کروا دے گی۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی یا غیرجماعتی کروائے جانے پربھی اختلاف موجود ہے۔ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی پنجاب میں غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروائے جانے کے خلاف عدالت میں جا چکی ہیں جبکہ ق لیگ بھی اس مقدمہ میں فریق بننے کیلئے پرتول رہی ہے۔ یہاں پر یہ سوال بھی اہمیت کا حامل ہے کہ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر کروائے جانے کا معاملہ حال ہی میں پنجاب اسمبلی سے منظور کئے گئے مقامی حکومتوں کے قانون 2013ءمیں موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن