نیشنل رینکنگ سنوکر: محمد آصف‘ عمران شہزاد‘ حمزہ اکبر‘ محمد سجاد پہلے مرحلہ میں کامیاب
کراچی (اے پی پی) جوبلی انشورنس تیسری نیشنل رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کے ابتدائی روز محمد آصف، عمران شہزاد، حمزہ اکبر، شاہد آفتاب، ابوصیام، عامر طارق، محمد سجاد، خرم آغا، شرجیل محمود اور فرحان نور نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ اسجد اقبال اور محمد یوسف کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چیمپئن شپ کے ابتدائی روز 11 میچوں کے فیصلے ہوئے۔ پہلے میچ میں عمران شہزاد نے ایاز خان کو 4-2 فریمز سے ہرایا، دوسرے میچ میں محمد بلال نے اسجد اقبال کو سخت مقابلے کے بعد 4-3 فریمز سے اپ سیٹ شکست دی، تیسرے میچ میں حمزہ اکبر نے عامر رشید کو با آسانی 4-0 فریمز سے زیر کیا۔ چوتھے میچ میں شاہد آفتاب نے محسن امین کے خلاف 4-2 فریمز سے کامیابی حاصل کی، پانچویں میچ میں ابو صیام نے محمد جاوید کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 4-3 فریمز سے فتح اپنے نام کی، چھٹے میچ میں عالمی چیمپئن محمد آصف نے محمد اشتیاق کو 4-3 فریمز سے ہرایا۔ عامر طارق نے عبدالستار کے خلاف 4-2 فریمز سے کامیابی سمیٹی، محمد سجاد نے عمیر عالم کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے مات دی، خرم آغا نے محمد یوسف کو دو کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی، شرجیل محمود نے نوین پروانی کے خلاف 4-2 فریمز سے جبکہ فرحان نور نے سلطان محمد کے لاف 4-0 فریمز سے فتح حاصل کی۔