• news

انڈر16 اے ایف سی فٹبال چیمپئن شپ کے انتظامات مکمل‘ سپورٹس کلچر کو فروغ حاصل ہو گا: صوبائی وزیر رانا مشہود

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پنجاب حکومت کے تعاون سے اے ایف سی انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ (کوالیفائر) کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ اس کا اعلان گذشتہ روز صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود، سیکرٹری پاکستان فٹبال فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انوار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اے ایف سی انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد سے صوبے میں سپورٹس کلچر کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ فٹبال کے شائقین کو پاکستانی اور غیرملکی ٹیموں کے مابین دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب اور غیرملکی سفیر بھی پنجاب سٹیڈیم آئیں گے۔آئین و قانون کے تحت کھیلوں کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور لڑائی جھگڑے کی بجائے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اے ایف سی انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک ہمارے یوتھ فیسٹیول کے ماڈل کو فالو کر رہے ہیں۔ فٹبال ایونٹ کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ پی ایف ایف کے سیکرٹری کرنل ریٹائرڈ احمد یار لودھی نے کہا کہ اے ایف سی ایونٹ کا لاہور میں انعقاد پنجاب اور پورے پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ پی ایف ایف اور سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین ٹیم ورک سے ایونٹ کو کامیاب بنائیں گے اور تمام امور باہمی مشاورت سے طے کئے جائیں گے۔ ایونٹ کے انعقاد سے دنیا کو یہ بتانے کا موقع ملے گا کہ یہاں دہشت گردی ہی نہیں ہوتی بلکہ عوام کھیلوں کے مقابلوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اے ایف سی انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ (کوالیفائر) کے شیڈول بارے بتایا کہ 25 ستمبر کو شام چار بجے ایران بمقابلہ سری لنکا، شام سات بجے پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات، 27 ستمبر شام چار بجے پاکستان بمقابلہ ایران، شام سات بجے سری لنکا بمقابلہ متحدہ عرب امارات اور 29 ستمبر کو ایران بمقابلہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان بمقابلہ سری لنکا ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن