برطانیہ: سینکڑوں بچے آن لائن بلیک میلنگ کا شکار، کئی خودکشی کر چکے ہیں
لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) برطانیہ میں بچوں کے استحصال کے واقعات پر نظر رکھنے والے ادارے نے کہا ہے کہ ملک میں سینکڑوں بچوں کو آن لائن بلیک میلنگ کے ذریعے جنسی حرکات کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ چائلڈ ایکسپلائٹیشن اینڈ آن لائن پروٹیکشن سنٹر کے مطابق مجرم خود کو بچہ ظاہر کر کے بچوں سے آن لائن ملتے ہیں اور انھیں مائل کرتے ہیں کہ وہ جنسی نوعیت کی تصاویر انھیں دے دیں۔ اس کے بعد وہ بچوں کو دھمکی دیتے ہیں کہ یہ تصاویر ان کے خاندان کے افراد یا دوستوں تک پہنچا دی جائیں گی۔ سی ای او پی کے مطابق گذشتہ دو برسوں میں پیش آنے والے 12 ایسے واقعات میں 424 بچوں کو اس طریقے سے بلیک میل کیا گیا، جن میں سے 184 بچوں کا تعلق برطانیہ سے تھا۔ ادارے کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو اینڈی بیکر کا کہنا ہے کہ جنسی استحصال کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔