• news
  • image

آرمی چیف کا دورہ سوات‘ مالاکنڈ‘ ٹارگٹڈ فوجی کارروائی کیلئے گرین سگنل دیدیا

سوات + راولپنڈی (نوائے وقت نیوز + اے این این + ثناء نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہا ہے ملکی دفاع کیلئے پاک فوج کی قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں، قوم کو جوانوں کی جرأت اور بہادری پر فخر ہے۔ آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری بیان کے مطابق جنرل کیانی نے ہفتہ کو 17 ڈویژن ہیڈ کوارٹر خوازہ خیلہ کیمپ سوات کا دورہ کیا اور سانحہ دیربالا میں شہید ہونیوالے جی او سی میجر جنرل ثناء اللہ نیازی، لیفٹیننٹ کرنل توصیف احمد اور لانس نائیک عرفان ستار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم انکی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کیمپ میں موجود فوجی افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان سے مختصر خطاب بھی کیا۔ انہوں نے سوات آپریشن میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے فوجی جوانوں کے پختہ عزائم کو سراہا۔ انہوں نے نقل مکانی کرنیوالے افراد کی گھروں کو واپسی اور بحالی و تعمیرنو کے عمل میں بھی جوانوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا پاک فوج کا درپیش مسائل اور دہشت گردی کیخلاف جذبہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا ملکی دفاع کیلئے پاک فوج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا۔ فوج علاقے کی تعمیرنو اور امن و امان برقرار رکھنے میں سول انتظامیہ سے تعاون جاری رکھے گی۔ الیون کور کے کورکمانڈر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ثناء نیوز کے مطابق جنرل کیانی نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا عزم متزلزل نہیں ہو سکتا، ملک کے دفاع کا بلند فریضہ انجام دینے والے جوانوں کے حوصلہ اور پختہ عزم قابل تحسین ہے۔ اسلام آباد (سکندر شاہین/ نیشن رپورٹ) آرمی چیف نے گذشتہ روز سوات اور مالا کنڈ ڈویژن کے دورہ کے دوران اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ فوجی کارروائی شروع کرنے کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ یہ سب قریبی اپردیر ضلع میں فوجی جنرل کی شہادت کے ایک ہفتہ بعد کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے ایک بریگیڈئر کے مطابق آرمی چیف نے 17 انفٹری اور 19 انفٹری ڈویژن کا دورہ فائنل تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کیا اور اپر دیر میں شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ٹارگٹ کرنے کیلئے گرین سگنل دیا۔ یہ کارروائی اس سانحہ سے لنک ہے جس کے دوران میجر جنرل ثناء اللہ شہید ہوئے۔ اس کارروائی کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ دوسری جانب فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں اس کارروائی کا ذکر نہیں اور یہ کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اپر دیر کا دورہ اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کی تعزیت کرنے کیلئے کیا۔ بریگیڈئر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹارگٹڈ ملٹری آپریشن کی قیادت 19 انفٹری ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل غلام قمر کرینگے اور یہ جنرل کیانی کی منظوری کے بعد کسی بھی وقت شروع کیا جا سکتا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن