• news
  • image

کینیا : جنگجوئوں کی شاپنگ مال میں فائرنگ‘ گرنیڈ پھینکے‘ 39 ہلاک‘ امریکیوں سمیت 150 زخمی

نیروبی (نوائے وقت رپورٹ/ اے ایف پی) کینیا کے شہر نیروبی میں جنگجو گروپ ’’حرکت الشباب‘‘ کے مسلح کارکنوں نے شاپنگ مال میں فائرنگ کر دی جس سے 39 افراد ہلاک اور امریکیوں سمیت 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب شاپنگ مال میں لوگوں کا رش تھا۔ حملہ آوروں نے دستی بم بھی پھینکے اور 7 افراد کو یرغمال بنا لیا۔ یاد رہے شباب جنگجو گروپ نے ’’ویسٹ گیٹ‘‘ مال کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس کے ہیلی کاپٹروں نے پروازیں کیں، داخلی گیٹ سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا ہے۔ سینکڑوں لوگوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں، ایک مبینہ حملہ آور کو ہسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بتایا زخمی شہریوں سے رابطہ ہے، کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔ حرکت الشباب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ صومالیہ سے کینیا فوج کی عدم واپسی کے خلاف کیا گیا۔ ٹوئٹر پر ترجمان نے کہا صومالیہ میں حکومت مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے اور کینیا نے وہاں فوج کیوں بھیجی۔ ادھر سفارتی ذرائع نے بتایا کہ کینیا میں رجسٹرڈ تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔ شاپنگ مال پر حملہ کرنے والوں کی تعداد 10تھی۔ امریکی صدر اوبامہ کو نیروبی واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا۔ ایف بی آئی واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کینیا کے صدر کو ٹیلی فون کر کے معلومات لیں۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن