بچی سے زیادتی کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس دن رات ایک کر دے : شہبازشریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہاہے کہ کمسن بچی سے زیادتی کا دلخراش واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوث درندہ صفت ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پولیس دن رات ایک کردے۔ مظلوم خاندان کو انصاف دلانا میرا فرض اور ذمہ داری ہے۔ متاثرہ خاندان کی داد رسی اور اسے انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کمسن بچی سے زیادتی کے واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ معصوم بچی کو درندگی کا نشانہ بنانیوالے ملزم کی گرفتاری کیلئے تمام پہلوئوں ، شواہد اور سائنٹیفک تفتیش کو مد نظر رکھا جائے تا کہ ملزم قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہ سکے۔ ملزم کی گرفتار ی پولیس کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔