• news

کراچی میں فائرنگ : 2 افراد قتل‘ 3 ڈاکو‘ پولیس اہلکاروں سمیت 29 جرائم پیشہ گرفتار

کراچی (اے پی اے+ نمائندہ نوائے وقت) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے23 ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ 3 اغواکاروں کو گرفتار کر کے نجی بینک کے منیجر کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق آرٹس کونسل کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران دو روز قبل کھارادر سے اغوا کیے گئے نجی بینک کے منیجر کو مقابلے کے بعد بازیاب کر ا لیاگیا۔ 3اغوا کاروں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ اغوا کار بینک منیجر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اغوا کار بینک منیجر کے اہل خانہ سے 6 لاکھ روپے تاوان وصو ل کرچکے تھے اور مزید 15لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے لسبیلہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے مزید 6مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ادھر ترجمان رینجرز کے مطابق حسین ہزارہ گوٹھ، سرجانی ٹاؤن، علی بروہی گوٹھ، افغان کیمپ، بن قاسم ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن اور شہر کے دیگر علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشنز کئے۔کارروائی کے دوران مزید 23 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں میں سیاسی جماعت کے کارکنان بھی شامل ہیں۔ ناظم آباد نمبر 3میں پولیس نے 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ رینجرز نے نارتھ کراچی اور گلستانِ جوہر میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 12مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب عزیز بھٹی تھانے نے کارروائی کرتے ہوئے تین پولیس اہلکاروں اے ایس آئی نظیر، ہیڈ کانسٹیبل عنایت، پولیس کانسٹیبل عبدل غنی کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان ائرپورٹ سے آنے والے مسافروں سے لوٹ مار کرتے تھے۔ جبکہ 24گھنٹوں کے دوران پولیس نے دیگر کارروائیوں میں 92 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کا اسلحہ اور منشیات برآمد ہوا ہے۔ ادھر لاندھی کے علاقے ریڑھ گوٹھ میں نامعلوم افراد نے منشیات کے اڈے پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کر دیا، 3 شدید زخمی ہو گئے۔  علاوہ ازیں ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ مری سے گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز میں سے بیشتر کا تعلق سنی تحریک اور چند کا لیاری گینگ وار سے ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری سے گرفتار کئے گئے ملزموں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر کئی سنگین جرائم میں ملوث ہیں، ایک ملزم کو لاہور سے بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد دیگر شہروں سے گرفتار کئے گئے ملزمان کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ ملزمان اپنے جرم کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور یہ آپریشن کسی مخصوص جماعت یا طبقے کے خلاف نہیں ہورہا بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن