• news

لاہور: سنگدل افراد کوڑے کے ڈھیر پر 2 نومولود بچیاں پھینک گئے

لاہور (نوائے وقت نیوز) شیخوپورہ کے بعد لاہور میں بھی دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سنگدل افراد 2 نومولود بچیاں کوڑے کے ڈھیر پر پھینک کر چلے گئے۔ نومولود بچیاں پھینکنے کا پہلا واقعہ ڈیفنس کے علاقے سوئی گیس کالونی میں پیش آیا جہاں پر پیدا ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی ایک ننھی کلی کو تھیلے میں ڈال کر کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دیا گیا، پاس کھڑے لوگوں نے تھیلے کو ہلتا دیکھ کر بچی کو باہر نکالا  اور اسے ایدھی سنٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کا دوسرا واقعہ ریوارز گارڈن میں پیش آیا جہاں سے پلاسٹک کے تھیلے میں پڑی ایک اور ننھی کلی ریسکیو 1122 کی مدد سے میو ہسپتال پہنچائی گئی۔ میوہسپتال کے ایم ایس کے مطابق بچی کی حالت ٹھیک نہیں اور اسے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ 2 ہفتے قبل شیخوپورہ میں بھی اسی طرح کا واقعہ سامنے آیا تھا اور سنگدل افراد 2 جڑواں بچیوں کو ریلوے لائن پر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن