پشین: پولیس موبائل پر خودکش حملہ‘5 اہلکاروں سمیت 7 جاں بحق‘ طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی
کوئٹہ+پشین (بیورو رپورٹ+اے ایف پی+ایجنسیاں) بلوچستان کے شہر پشین میں سرانان روڈ پر پولیس وین پر خود کش حملے میں 5 اہل کاروں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ8 زخمی ہوگئے جن میں سے 3کو تشویش ناک حالت میں کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پشین سے 3کلو میٹر مغرب کی طرف کلی سنگر کے قریب سرانان روڈ پر پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی ایک خود کش حملہ آور نے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں اے ایس آئی اصغر، سپاہی بہادر وغیرہ سمیت 7 افراد جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ زخمیوں اور جاں بحق اہلکاروں کو فوری طور پر سول ہسپتال پشین اور 3 زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور لیویز نے سرانان روڈ اور کلی سنگر کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دریں اثناءکالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پشین میں پولیس وین پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ لوئر دیر میں ہمارے 13 ساتھیوں کو جیل سے نکال کر انہیں ہلاک کر کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ میں ہلاکت ظاہر کرنے کا رد عمل ہے۔ واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے گزشتہ روز لوئر دیر میں چیک پوسٹ پر حملے کی تردید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ان کے 13 ساتھیوں کو جیل سے نکال کر قتل کر کے ان کی لاشیں پھینک دی تھیں۔ ادھر صدر ممنون حسین، وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پشین میں پولیس وین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں اور شہریوں کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔