• news

قوم دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی، مسائل ہمارے عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتے: حمزہ شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے پاکستانی قوم دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی و بیروزگاری جیسے مسائل ہماری قوم کے جذبے اور عزم کے سامنے زیادہ دیر تک نہیں ٹھہر سکتے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک بہت جلد معاشی خودانحصاری کی منزل سے ہمکنار ہوگا اور ہم قوموں کی برادری میں سر اٹھا کر جینے کے قابل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں لاہور تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات برائے سال 2013ءمیں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ارکان اسمبلی، چیئرمین و سیکرٹری لاہور تعلیمی بورڈ اور پوزیشن ہولڈرز نے اپنے والدین و اساتذہ سمیت شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر امتحانی نتائج کو آن لائن کیا۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈرز اور ان کے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو میڈلز پہنائے اور مبارکباد دی۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا جس طرح وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں کسی قسم کے دباو¿ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شرپسندوں اور قاتلوں کے خلاف آپریشن شروع کیا اسی طرح ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی دہشت گردوں یخلاف جدوجہد جاری ہے۔ ہماری حکومت ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہو کر دہشت گردی اور دوسرے بحرانوں کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب حکومت نے ایڈ لینے سے انکار کرکے خود اپنے وسائل سے دانش سکولز، میٹرو بس سسٹم، سیلاب زدگان کی مدد اور آشیانہ سکیم جیسے عظیم منصوبے مکمل کر کے دنیا کو دکھا دیا ہم میں کس قدر پوٹینشل ہے۔ انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ بلاتمیز رنگ و نسل دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جانے کا عزم کریں۔ اس جنگ میں آخری جیت انشاءاللہ 19 کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن