انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان‘ لاہور 61‘ گوجرانوالہ میں 50 فیصد طلبہ و طالبات کامیاب
لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی) پنجاب میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2013ءکے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لاہور بورڈ کے تحت سالانہ امتحان میں 132871 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 81258 نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 61.15% رہا، 5590 امیدواران نے A+، 11064 نے A، 22158 نے B، 27076 نے C، 14492 نے D جبکہ 756 امیدواران نے E گریڈ حاصل کیا۔ پری میڈیکل گروپ (لڑکے اور لڑکیاں) میں 14206 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 12340 کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 86.86% رہا۔ پری انجینئرنگ گروپ میں (لڑکے اور لڑکیاں) 16337 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 13067 نے کامیابی حاصل کی کامیابی کا تناسب 81.48% رہا۔ جنرل سائنس گروپ 12053 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 7389 نے کامیابی حاصل کی کامیابی کا تناسب 61.30% رہا۔ کامرس گروپ میں 25732 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 17050 نے کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کا تناسب 66.26% رہا جبکہ آرٹس گروپ میں 64845 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 31412 نے کامیابی حاصل کی، کامیابی کا تناسب 48.44% رہا۔ لاہور بورڈ کے تحت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو نقد انعامات کے علاوہ سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔ مجموعی طور پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار کو لیپ ٹاپ بھی دیا گیا جبکہ پہلی پوزیشن پر مبلغ 20,000، دوسری پر 15,000اور تیسری پوزیشن پر مبلغ 10.000روپے، بالترتیب گولڈ، سلور اور کانسی کے میڈلز بھی دئیے گئے جبکہ پوزیشن حاصل کرنے والے اداروں کے سربراہان کو گولڈ میڈل دئیے گئے۔ امیدوار عدنان حفیظ رول نمبر 644109اور خدیجہ خان رول نمبر 623970کو نفسیات کے مضمون میں زیادہ نمبر لینے پر عارفہ خان گولڈ میڈل دیا گیا۔ ایم این اے میاں حمزہ شہبازشریف نے طلبا و طالبات کو کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنے والدین، اساتذہ اور ملک کی خدمت کے لئے دن رات محنت کرنے کو کہا اور لاہور بورڈ کو شفاف نتائج مرتب کرنے کو سراہا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے تحت مجموعی طور پر امتحان میں 103875 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 52621 پاس ہوئے اور 51254 کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 50.65 فیصد رہا۔ 2007ءکے بعد موجودہ سال کامیابی کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ نتائج کے مطابع پہلی تینوں پوزیشنیں میڈیکل گروپ کے طلبہ کے ہاتھ رہیں۔ امتحان میں 65 طلبا و طالبات کے خلاف ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے جرم میں مقدمات درج کئے گئے جن میںسے 58 امیدواروںکو مختلف سزائیں سنائی گئیں اور سات کے خلاف کارروائی زیر غور رکھی گئی ہے۔ بورڈ کے قیام سے لے کر اب تک ناجائز ذرائع کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جن کے حوالے سے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن کا کہنا ہے فول پروف انتظامات اور سخت چیکنگ کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں کیسز پکڑے گئے۔ صوبائی وزیر خزانہ وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحران سے نجات دلا کر ملک کا مستقبل روشن کرنے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبہ میں معیاری تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی صوبہ پنجاب میں کی گئی تعلیمی اصلاحات کا دائرہ ملک کے تمام صوبوں تک پھیلایا جائے گا اور طلبا و طالبات کو اندرون و بیرون ملک اعلی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ تقریب میں چیئرمین ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر فرحان عبادت یارخاں‘ سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسرامان اللہ خاں‘ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد یاسین‘ ممبران صوبائی اسمبلی عبدالرﺅف مغل اور محمد نواز چوہان کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران‘ بچوں کے والدین اور طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا صحیح قیادت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت درپیش دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لئے نیک نیتی سے تمام کوششیں بروئے کا ر لا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل موجودہ حکومت کو (ق) لیگ اور مشرف حکومتوںکی طرف سے ورثے میں ملے ہیں اور حکومت نے اپنے پہلے 100دنوں میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے بحرانوں کو حل کرنے کے لئے م¶ثر اقدامات کئے ہیں جس کی بدولت لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت نے انڈوومنٹ فنڈ میں اب تک 11 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے 60 ہزار طلبا و طالبات مستفید ہورہے ہیں۔ موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبو د کے لئے خصوصی توجہ دی رہی ہے۔ بہاولپور بورڈ کے تحت تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر زکٰوة و عشر ملک ندیم کامران تھے۔ کنٹرولر امتحانات ثانوی بورڈ ناصر جمیل انجم نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا بورڈ امتحانات میں 38011 طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ جن میں سے 19603 طلبا و طالبات کامیاب رہے۔ اس طرح نتیجہ 51.57 فیصد رہا۔ تقریب سے قبل مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سرگودھا بورڈ میں 31821 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں سے 15881 طلبہ اور 15940 طالبات تھیں۔ کنٹرولر امتحانات عطاءاللہ شاد نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا مجموعی طور پر سرگودھا بورڈ کا نتیجہ 59.04 فیصد رہا جس میں طلبہ کا تناسب 51.20 اور طالبات کا تناسب 66.86 فیصد رہا۔ تقریب میں بورڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حازق امجد اور طالبہ عمائلہ اکرام کو مہمان خصوصی کی نشستیں دی گئیں۔ ساہیوال بورڈ کے چیئرمین، سیکرٹری شاہد پرویز قریشی نے بتایا امسال کل 30766 طلبہ و طالبات نے انٹر کا امتحان دیا جس میں سے 15624 کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 50.78 فیصد رہا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں مجموعی طور پر لڑکے لڑکیوں پر بازی لے گئے، پرائیویٹ کالجز نے گورنمنٹ کالجز کو مات دے دی، امتحانات میں کل ستر ہزار پانچ سو 75 امیدواران نے امتحان میں حصہ لیا جس میں سینتیس ہزار ایک سو 65 امیدواران کامیاب ہوئے جبکہ مجموعی طور پر کامیابی کی شرح تناسب 52.66 فیصد رہا، امتحانات کے نتائج کا اعلان کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین، چیئرمین بورڈ ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے پوزیشن ہولڈر طلبا اور طالبات میں انعامات و میڈلز تقسیم کئے۔