غیر ملکیوں کی سکیورٹی آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ سے 50 کروڑ کی پٹرولنگ گاڑیاں مانگ لیں
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں غیر ملکیوں کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں جبکہ پٹرولنگ کے لئے استعمال ہونے والی تمام گاڑیاں وی وی آئی پی کو سکیورٹی فراہم کرنے پر لگی ہوئی ہیں۔ جس پر آئی جی پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے جو سرکاری پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، لاہور میں قیام پذیر ہیں، اور جرائم کو روکنے کے لئے 50 کروڑ روپے کی پٹرولنگ گاڑیاں لاہور پولیس کو دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو جو رپورٹ بھجوائی ہے اس میں کہا ہے کہ کسی غیر ملکی پر حملہ ہو گیا تو پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبے ناکامی کا شکار ہو جائیں گے لاہور پولیس کے پاس جرائم کو قابو کرنے کےلئے پٹرولنگ کے لئے 55 گاڑیاں ہیں جن میں سے 23 گاڑیاں مستقل طور پر وی وی آئی پی کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے دی گئی ہیں جبکہ 32 عارضی طور پر ان وی وی آئی پی کوسکیورٹی کے لئے دی گئی ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکیوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لئے لاہور پولیس کے پاس ان کی سکیورٹی کے لئے گاڑیاں نہیں ہیں جبکہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے لاہور میں پٹرولنگ کی ضرورت ہے جس کے لئے 50 کڑور روپے پولیس کو فراہم کئے جائیں آئی جی پنجاب نے مختلف ملکوں کے غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے ان کو مستقل اسکارٹ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے جس کے لئے کیس وزیر اعلی پنجاب کو منظور ی کے لئے بھجوا دیا ہے۔ جس میں وی وی آئی پی افراد سے پولیس اسکارٹ گاڑیاں واپس لینے کی بجائے انہوں نے نئی گاڑیوں کا مطالبہ کر دیا ہے ذرائع کے مطابق ان تمام وی وی آئی پیز کا تعلق حکمران جماعت سے ہے جو اتنے امیر ہیں کہ وہ اپنی گاڑیاں خرید کر پولیس کی نفری ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب خان بیگ نے ایک رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے انرجی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں لارہی ہے اس سلسلہ میں متعدد غیر ملکی ایکسپرٹ بھی لاہور شہر میں آئے ہوئے ہیں جن میں 211 چینی سرمایہ کار اور ماہرین، 54 امریکی سرمایہ کار اور ماہرین، 17 برطانوی سرمایہ کار اور ماہرین، 78 ترکی کے سرمایہ کار اور ماہرین، 7 ایران کے سرمایہ کار و ماہرین کے علاوہ 80 دیگر ملکوں کے ماہرین لاہور شہر میں حکومت کی جانب سے مختلف منصوبوں معاہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے لاہور شہر پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔ جبکہ پولیس گارڈ ان کی گاڑیوں میں ان کے ساتھ سفر کر تے ہیں۔ جبکہ جو غیر ملکی ڈیلی گیشن آرہے ہیں ان کوسکیورٹی کے لئے پولیس اسکارٹ فراہم کی جاتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد دہشت گردوں کی طرف سے مختلف قسم کی دھمکیاں مل رہی ہیں کہ وہ غیر ملکیوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اگر پنجاب میں کسی غیر ملکی کو نشانہ بنا دیا گیا تو حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے انفراسٹرکچر کے منصوبے تباہ ہوجائیں گے۔ پھر کوئی غیر ملکی پنجاب آنے اور رہنے کو تیار نہیں ہو گا، حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسلئے ان غیر ملکیوں کو فوری طور پر گھروں پرسکیورٹی گارڈ جبکہ ان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لئے ان کو اسکارٹ گاڑیاں فراہم کی جائیں تاکہ ان کی سکیورٹی فول پروف ہو سکے اور کوئی ناخوش گوار واقعہ نہ ہو سکے۔