اختر رسول مستعفی ‘ طاہر زمان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ‘ مینجر تعینات
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اولمپئن اختر رسول نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے معاون کوچ طاہر زمان کو ٹیم کا ہیڈ کوچ ومنیجر مقرر کر دیا ہے۔اختر رسول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے فیصلے سے پی ایچ ایف کو آگاہ کر دیا ہے۔ میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے ہاکی کبھی نہیں چھوڑیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم مینجمنٹ کو کسی بھی شعبہ میں تعاون درکار ہوگا اس کےلئے حاضر ہوں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن انتخابات میں جا رہی ہے جس کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا بورڈ کا میرے بارے میں جو بھی فیصلہ ہوگا اسے قبول کیا جائے گا۔ نئے ہیڈ کوچ ومنیجر طاہر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انہیں جو ذمہ داریاں سونپی ہیں وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014ءکی ایشین گیمز کو مد نظر رکھ کر پاکستان ٹیم کو ابھی سے تیار کیا جائے گا جس کےلئے فیڈریشن نے تربیتی کیمپ میں 10 سینئر کھلاڑیوں کو نہیں بلایا ہے۔ موجودہ تمام جونیئر ٹیم کو سینئر ٹیم کے کیمپ میں بلایا گیا ہے تاکہ جونیئر ورلڈکپ کی تیاری کر کریں۔ سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں جونیئر کھلاڑیوں کےلئے موقع ہے کہ وہ دسمبر میں ہونے والے ورلڈکپ سمیت مستقبل میں بڑے ٹورنامنٹ کی بھرپور تیاری کر سکیں۔