اے ایف سی انڈر16 فٹبال چیمپئن شپ: پاکستان‘ متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے گذشتہ روز پنجاب سٹیڈیم لاہور میں آج سے شروع ہونے والے اے ایف سی انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کوالیفائر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے سٹاف کو پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ عثمان انور کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے غیرملکی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں فٹبال کے بین الاقوامی ایونٹ کو کامیاب کرایا جائے گا۔ ڈی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کا انعقاد لاہور کی تاریخ کا بڑا ایونٹ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ کو دیکھنے کے لئے سفارتکاروں سمیت اہم شخصیات کو دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ چیمپئن شپ کے پہلے روز شام 4 بجے ایران کا مقابلہ سری لنکا، شام7 بجے پاکستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات جبکہ 27 ستمبر کی شام 4 بجے پاکستان کا مقابلہ ایران، شام 7 بجے سری لنکا کا مقابلہ متحدہ عرب امارات اور29ستمبر بروز اتوار کو شام 4 بجے ایران اور یو اے ای کے مابین میچ ہوگا ، آخری میچ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین 7 بجے شام کھیلا جائیگا۔ چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔