پاکستان اور افغانستان کے پارلیمنٹرینز کا تعلقات میں اضافے کیلئے روابط کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور افغانستان کے پارلیمنٹرینز نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات میں اضافہ کیلئے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے باہمی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے پارلیمنٹرینز کے درمیان ڈائیلاگ کے 9 ویں دور کے اختتام پر جاری ہونیوالے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ باہمی روابط دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ کیلئے مناسب سازگار فضا قائم کرنے کیلئے ضروری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط میں خواتین، نوجوان، تاجر، میڈیا، کلچرل اور پروفیشنل گروپوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات شامل ہونے چاہئیں۔ پلڈاٹ کی معاونت سے ہونے والا دو روزہ ڈائیلاگ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے زیراہتمام ہوا جس میں پاکستان کی قیادت سینیٹر افراسیاب خٹک اور افغان پارلیمانی وفد کی قیادت سینیٹر سید فرخ شاہ فروابی جناب نے کی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ امن اور جمہوریت کا عمل ایکدوسرے سے منسلک ہے۔ امن کے مستحکم ہونے سے جمہوریت مستحکم ہوتی ہے۔ دوطرفہ تعلقات میں استحکام کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمان حکومتوں کی پالیسیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے عوام کے نمائندے امن اور استحکام کیلئے عوام کی امنگوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے ڈائیلاگ کے نتیجہ میں سفارشات پر عملدرآمد کیلئے پارلیمانی وسیلہ سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیا۔ پارلیمنٹرینز نے پشاور میں چرچ پر دہشت گرد حملے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے دونوں ممالک میں دہشت گردوں کی مجرمانہ بربریت اور وحشت بے نقاب ہوئی ہے۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں دہشت گرد گروپوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مزید فعال تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔