ننکانہ صاحب: ریٹائرڈ فوجی نے فائرنگ کرکے دو حقیقی بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بھینسوں کی روڑی اٹھانے کے تنازعہ پر ریٹائرڈ فوجی نے فائرنگ کر کے دو حقیقی بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 8گ ب کے رہائشی عزیز خاں کے دو بیٹوں طارق عزیز اور راشد عزیز نے اپنے عزیز ریٹائرڈ فوجی محمد حسین کے ساتھ مل کر گاﺅں میں گائے کا فارم بنا رکھا تھا چند ماہ قبل ان کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا معززین علاقہ نے دونوں پارٹیوں میں گائیں مشترکہ طور پر تقسیم کر کے صلح صفائی کرا دی مقتولین طارق عزیز اور راشد عزیز نے بھینسوں کی پرانی روڑی وہاں سے اٹھانی شروع کی تو ملزم محمد حسین سے جھگڑا ہوگیا اسی رنجش پر محمد حسین نے فائرنگ کر دی جس سے دونوں حقیقی بھائی موقع پر جاں بحق ہوگئے مقتول طارق عزیز دو بچوں کا باپ تھا جبکہ مقتول راشد عزیز کی شادی چار ماہ قبل ہی ہوئی تھی، دوہرے قتل کی اطلاع پاکر پولیس تھانہ صدر ننکانہ صاحب موقع پر پہنچ گئی اور مقتولین کی نعشیں قبضہ میں لےکر پوسٹمارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب بھجوادی گئیں۔