پیر سید وارث شاہ کے سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں
جنڈیالہ شیرخان (نامہ نگار) پیر سید وارث شاہ کے سالانہ 215ویں عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں، آخری روز صفدر آباد اور تحصیل شیخوپورہ کی ٹیموں کے مابین کبڈی میچ ہوا، شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مہمان خصوصی ڈی پی او شیخوپورہ ہماےوں بشیر تارڑ، پنجاب آرٹ کونسل کے ڈائریکٹر آصف چودھری، ڈپٹی ڈائریکٹر صوفیہ بیدار اور عرس مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ای ڈی او کمیونٹی سید اوسط علی شاہ، دربار مینجر احسان المالک خان تھے۔ ڈی پی او ہماےوں بشیر تارڑ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ رات گئے ہیر خوانی کا بھی مقابلہ ہوا، نامور ہیر خوانوں نے شرکت کی اور بعدازاں صوفیانہ کلام بھی پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ونگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی ممبر بینش قمر ڈار، رانا ماجد سلہری نے دربار پیر وارث شاہ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر ملکی حفاظت اور تعمیر و ترقی کے لئے دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما میاں منور اقبال نے پیر وارث شاہ کے عرس کے تیسرے روز سینکڑوں کارکنوںکے ہمراہ چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی میاں منور اقبال نے مزار پر حاضری کے بعد زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے منور اقبال نے کہا برصغیر پاک و ہند میں دین اسلام کی ترویج و اشاعت اولیاءاللہ کی خدمات کی بدولت ہیں، ان کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن کو اختیار کر کے ہم دنیاوی و آخروی کامیابیوں سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔