چین: خاتون سے زیادتی، جنرل کے بیٹے سمیت پانچ افراد کو سزائیں
چین: خاتون سے زیادتی، جنرل کے بیٹے سمیت پانچ افراد کو سزائیں
بیجنگ (بی بی سی) چین میں ایک عدالت نے ملک کے ایک بااثر فوجی جرنل کے بیٹے کو جنسی زیادتی کے جرم میں 10 برس قید کی سزا سنا دی ہے۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے سترہ سالہ لی تیانی اور ان کے چار ساتھیوں کو شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک خاتون سے جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیا۔یہ واقعہ رواں برس فروری میں بیجنگ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا تھا۔لی تیانی نے مذکورہ عورت کے ساتھ کسی قسم کے جنسی تعلق کے الزام کی تردید کی ہے۔ وہ ماضی میں اس عورت کو طوائف قرار دے چکے ہیں۔چینی فوج کے جنرل لی شوانگ جیانگ کے بیٹے لی تیانی کو ٹی وی پر ملی نغموں کی پیشکش کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان کی والدہ مینگ جی بھی ایک مشہور گلوکارہ ہیں۔ اور لی تیانی کے شریک ملزمان کو بھی تین سے بارہ برس قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔