ڈرون حملے خود مختاری ‘ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ‘ بند کئے جائیں : سرتاج عزیز
نیویارک (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین اور ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں ان کو بند کیا جائے، ڈرون حملوں سے عورتیں، بچے اور شہری مارے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ تصفیہ طلب مسائل کے حل کےلئے موثر اقدامات کرے۔ وہ جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں سے بےگناہ شہریوں کی اموات کی تصدیق اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھی کی گئی ہے۔ مشیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کے اس موقف کا عادہ کیاکہ ڈرون حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اجتماعی کوششوں کیلئے بھی نقصان دہ ہیں۔ اے پی اے کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کمپوزٹ ڈائیلاگ میں کئی گروپ کام کر رہے ہیں، صرف دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اگر کمپوزٹ ڈائیلاگ دوبارہ شروع ہو جائیں تو دونوں ممالک کے درمیان اہم پیشرفت شروع ہو سکتی ہے۔