• news

منموہن نے انتہاپسند ہندوﺅں کی ترجمانی کی: سیاسی، عسکری، کشمیری قیادت

اسلام آباد (محمد فہیم انور / سلطان سکندر) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اور دونوں اطراف کی کشمیری قیادت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے منموہن سنگھ کی تقریر زہرآلود اور انتہاپسند ہندو¶ں کی سوچ کی عکاس تھی۔ امریکہ کی آشیر باد سے منموہن سنگھ نے کشمیریوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کا جس طرح مذاق اڑایا وہ قابل افسوس ہونے کے ساتھ قابل مذمت بھی ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل‘ دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم‘ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین ظفر الحق اور سینیٹر ظفر علی شاہ نے ”نوائے وقت“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تقریر نے منموہن سنگھ کو آگ لگا دی۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں ہونیوالی دہشت گردی کا مرکز پاکستان کو قرار دیکر انتہاپسند ہندو ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا پاکستان پر دہشت گردوں کا مرکز ہونے کا منموہن سنگھ کا الزام انتہائی بھونڈا ہے۔ ظفر علی شاہ نے کہا نوازشریف کی تقریر کے بعد منموہن سنگھ بوکھلا گئے ہیں۔ انکی تقریر کا ایک، ایک لفظ زہر سے بھرا ہوا تھا۔ حمید گل نے کہا بھارتی وزیراعظم کی اس تقریر کے بعد نوازشریف کو چاہئے وہ بھارتی وزیراعظم سے ملنے سے انکار کردیں۔ عبدالقیوم نے کہا بھارتی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی 1948ءکی منظور شدہ قراردادوں کی کھلم کھلا تضحیک کی۔ اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے۔ بھارت نے کبھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو مسلح افواج اور پوری قوم نوازشریف کے پیچھے کھڑی ہوگی۔ مزید برآں دونوں اطراف کی کشمیری قیادت نے منموہن سنگھ کی طرف سے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار یعقوب‘ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر یوسف نسیم اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اﷲ نے کہا کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینا بھارتی قیادت کی نیت میں فتور ظاہر کرتا ہے۔ سردار یعقوب نے کہا کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے تو مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج نے کیوں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ یوسف نسیم نے کہا منموہن سنگھ کے خطاب سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔ امان اﷲ خان کا کہنا تھا اٹوٹ انگ کا دعویٰ نہ صرف نہرو کے اقوام متحدہ میں اعلان بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے بغاوت ہے۔نیشن کے مطابق اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما سے ردعمل کیلئے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے میں نہیں پڑنا چاہتی۔ مسلم لیگ (ن) کا اپنا نقطہ نظر ہے اور کسی ایک فرد کے نقطہ نظر کو ایشو نہیں بنانا چاہتے۔

ای پیپر-دی نیشن