• news

سٹیج اداکارہ آرزو کا قتل، ڈرائیور سمیت 2 افراد گرفتار، خاندانی دشمنی لگتی ہے: پولیس

ملتان/ مظفرگڑھ (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) ملتان میں نقاب پوش افراد کی فائرنگ سے ماری جانے والی سٹیج اداکارہ آرزو خان کے قتل کی مزید تفصیلات کے مطابق آرزو خان سٹارلٹ تھیٹر سے شو ختم ہونے پر گھر پہنچی ہی تھی کہ گھات لگائے ملزمان نے دیکھتے ہی گولیاں مار دیں۔ قتل کیخلاف آرٹسٹوں، پروڈیوسروں اور ڈائریکٹروں نے سنگم تھیٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈیرہ اڈا چوک تک ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شرکاءنے کہا تھیٹروں پر غنڈہ عناصر سرعام دندناتے پھرتے ہیں جبکہ معلومات ہونے کے باوجود پولیس ان کیخلاف کارروائی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا فنکاروں کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے ورنہ بھوک ہڑتال کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ اداکارہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے آبائی علاقے مظفرگڑھ لے جایا گیا جہاں گزشتہ شام سپرد خاک کر دیا گیا۔ اداکارہ کے ڈرائیور تنویر اور رانا احسان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ادھر مرحومہ کے بھائی سونو خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انکو کسی پر شک نہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کا تعلق چکوال سے ہے اور والد فوج میں سپاہی تھے۔ آرزو خان کے سوگواران میں ان کی والدہ، بڑا بھائی قاصد عباس اور سٹیج ایکٹر عباس عرف سونو خان شامل ہیں۔ آن لا ئن کے مطابق پولیس کا کہنا ہے یہ واقعہ خاندانی دشمنی کا لگتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن