• news

بلوچستان کے زلزلہ زدگان کیلئے سامان کی فراہمی جاری، افسر، ارکان اسمبلی کراچی پہنچ گئے

لاہور (خبر نگار) بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے اب تک 7958 فوڈ ہیمپرز، 10 کلو آٹے کے 1800 تھیلے، اڑھائی ٹرک لوڈڈ ادویات، 360 کمبل، 5000 مچھر دانیاں اور 10150 ٹینٹ فراہم کئے ہیں جبکہ متاثرین کی دیگر ضروریات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب سے اعلیٰ افسران اور ارکان صوبائی اسمبلی پر مشتمل وفد کراچی پہنچ گیا ہے جس میں ممبر بورڈ آف ریونیوشمائل خواجہ، ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیپٹن آصف اور رکن صوبائی اسمبلی آصف مزاری و دیگر سینئر افسران شامل ہیں، وفد نے گذشتہ روز بلوچستان کے سرحدی علاقہ حب میں قائم ریلیف سینٹر میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے بلوچستان حکومت کی طرف سے مقرر کئے جانے والے چیف کوآرڈینیٹر سیکرٹری ایکسائز قمبر ہشتی سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے متاثرین کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لئے مربوط اور جامع پلان کے سلسلے میں تفصیلی غور کیا۔ ممبر بورڈ آف ریونیو شمائل خواجہ نے حب سے چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد سے بھی ٹیلیفون پررابطہ کیا اور زلزلہ زدگان کی فوری بحالی کے لئے امدادی سر گرمیوں کو بہتر انداز میں تیز کرنے کے سلسلے میں مختلف اُمور پر تفصیلی گفتگو کی ۔ خواجہ شمائل نے چیف سیکرٹری کویقین دلایا متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بے چین ہیں اور پنجاب حکومت اور عوام مصیبت کی گھڑی میں بلوچی بھائیوں کی امداد کے سلسلے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھیں گے۔ انہوںنے مزید کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حالات بہتر ہونے تک بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ہی قیام کریں گے۔ وفد کے مطابق امدادی کارروائیوں کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لایا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن