• news

لیسکو نے بجلی چوری مہم کامیاب دکھانے کیلئے اووربلنگ بڑھا دی، ریکوری بھی کم

لاہور(ندیم بسرا) وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے لیسکو نے بجلی چوری مہم کو کامیاب ظاہر کرنے کیلئے سرکاری محکموں اور غریب صارفین پر اوور بلنگ کا سلسلہ بڑھا دیا۔ بجلی چوری مہم کے دوران کمپنیوں کی اپنی ریکوری بھی ریکارڈ حد تک گر گئی۔ پنجاب بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون زور  و شور سے جاری ہے۔ لیسکو اپنے ریکوری، لائن لاسز مہم کرنے کے اہداف کو پورا نہیں کرسکی۔ لیسکو کی تمام تر توجہ بجلی چوری کے اوپر ہونے سے کمپنی کی ریکوری 98 فیصد سے نیچے گر کر 70 فیصد تک آگئی۔ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ نے چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق سے جواب طلب کرلیا، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اپنے ماتحت افسران کسٹمر سروسز ڈائریکٹر خالد محمود، آپریشن ڈائریکٹر عبدالرحمان سمیت دیگر سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کی کلاس لینا شروع کر دی۔ اس وقت لیسکو کے تمام افسران کی توجہ بجلی چوری پر ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ لائن لاسز میں 3 سے 6 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔لیسکو نے کم ریکوری اور بڑھتے ہوئے لائن لاسز کو پورا کرنے کیلئے سرکاری محکموں، انڈسٹری، کمرشل اور گھریلو صارفین کو اوور بلنگ کا سلسلہ بڑھا دیا جس کی تازہ مثال واسا لاہور کو 20 کروڑ ر وپے کی اوور بلنگ کا ٹیکہ لگا دیا گیا۔ ہیڈ آفس میں تعینات کسٹمر سروسز افسران نے سرکل فیلڈ افسران سے مل کر واسا کے 197 کنکشن پر 1 کروڑ 47 لاکھ 97ہزار 462 یونٹس کی اووربلنگ کی، فرسٹ سرکل میں 52 کنکشن پر 39 لاکھ 36ہزار 108 یونٹس، سیکنڈ سرکل میں 48 کنکشن پر 48 لاکھ 75ہزار 601 یونٹس، تھرڈ سرکل میں 63 کنکشن پر 49 لاکھ 62ہزار 372 یونٹس اور پانچویں سرکل میں 33کنکنشن پر 20لاکھ 23ہزار 381 یونٹس اضافی ڈالے۔ واسا نے اسی سلسلے میں چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق کو تفصیل بھی بھجوا دی۔ لیسکو کے ریٹائرڈ چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا لیسکو صرف وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور ٹاسک فورس کے چیئرمین کو خوش کرنے کیلئے غریب صارفین کو ٹارگٹ بنائے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن