• news
  • image

کراچی میں خاتون اور نوجوان قتل، آپریشن جاری، 50 جرائم پیشہ گرفتار

کراچی میں خاتون اور نوجوان قتل، آپریشن جاری، 50 جرائم پیشہ گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں اتوار کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں عورت اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ 30 سالہ عورت کی تشدد زدہ لاش عوامی کالونی کورنگی کی ایک گلی میں پڑی ملی۔ پولیس کے مطابق عورت کو تشدد اور گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ادھر ناظم میں چاﺅلہ مارکیٹ کے نزدیک موٹر سائیکل سوار افراد 28 سالہ انور شاہ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول انور شاہ منگھوپیر میں رہتا تھا۔ دریں اثناءکراچی میں رینجرز اور پولیس کا کریک ڈاﺅن جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز سمیت 50 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ رینجرز نے جن علاقوں میں ٹارگٹیڈ آپریشن کیا ان میں جوبلی، سنگولین لیاری، فائزہ ہائٹس نیو کراچی، فقیر کالونی، اورنگی ٹاﺅن، سیکٹر 4بلدیہ ٹاﺅن، ہنگورہ گوٹھ گڈاپ، نانک واڑہ، غوثیہ کالونی، پرانی سبزی منڈی اور سی ویو وغیرہ شامل ہیں جہاں سے بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث 30ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیاگیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں غیرقانونی اسلحہ کی بازیابی کے لئے جاری مہم کے سلسلے میں ابھی تک کسی نے بھی رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع نہیں کرایا ہے۔اس ضمن میں جب ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کراچی گہنور خان لغاری سے رابطہ کیا گےا توانہوں نے کہا کہ ان تین دنوںمیں ان کے ضلع میں کسی نے بھی رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع نہیںکرایا ہے۔ہم نے پورے ضلع میں بینرز لگانا شروع کردیئے ہیں ،جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 11اکتوبر تک غیرقانونی اسلحہ جمع کرادیں ۔اس پر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور ان سے پوچھ گچھ بھی نہیں ہو گی۔ضلع شرقی کراچی کے ڈپٹی کمشنر سمیع الدین صدیقی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے ضلع میں بھی ان تین دنوںمیں رضا کارانہ طورپر کوئی اسلحہ جمع نہیں کرایا گےا ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ جو لوگ رضا کارانہ طور پر غیر قانونی اسلحہ جمع کرائیں گے ،ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا اور اشتہاری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
کراچی/اسلحہ

epaper

ای پیپر-دی نیشن