• news

زلزلہ سے متاثرہ مریضوں کو آواران سے جہاز کے ذریعے پنجاب لے جایا جائیگا: شیر علی گورچانی

لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت زلزلہ سے متاثرہ مریضوں کو علاج کیلئے جہاز کے ذریعے آواران سے پنجاب لیکر جائے گی انہوں نے کہا پنجاب حکومت متاثرین کیلئے جوہری سہولتوں سے آراستہ ماڈل ویلیج اور ہسپتال بھی تعمیر کرے گی۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے علاقہ (حب) میں قائم لسبیلہ انڈسٹریل ڈوپلمنٹ اتھارٹی کے گیسٹ ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق ، وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ، رکن صوبائی اسمبلی آصف مزاری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف ، ممبر بورڈ آف ریونیو شمائل خواجہ ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیپٹن آصف اور بلوچستان کے چیف کوآرڈینیٹر برائے زلزلہ بحالی پروگرام قمبر دشتی بھی موجود تھے۔ شیر علی گورچانی نے بتایاکہ اب تک پنجاب کی طرف سے کھانے پینے کی اشیائ، کمبل، ٹینٹ، مچھر دانیاں اور آٹے سمیت دیگر ضروریات پر مشتمل سامان 30 ٹرکوں میں آواران بھیجا جا چکا ہے اور 20 ٹرک کل بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں 10 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں اور زلزلہ زدگان کی بحالی میں فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں بلکہ پنجاب اور وفاق کی طرف سے بلوچستان حکومت کو "بلینک چیک " دے دیا گیا ہے ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت کے 16تا 22 گریڈ کے افسران زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ایک دن کی تنخواہ دیں گے جو 15 کروڑ روپے بنتے ہیں اور پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ زدگان کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے جو 2 کروڑ روپے بنتے ہیں جبکہ دشوار گزار راستوں کے متاثرین تک امدادی اشیاءکی جلد از جلد فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنا ذاتی طیارہ مختص کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن