اسلام آباد میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شمع بردار ریلی
اسلام آباد (آئی این پی) ڈیفنس آ ف ہیومن رائٹس کے زیراہتمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے شمع بردار ریلی نکالی گئی۔ پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور راولپنڈی / اسلام آباد کی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی حکومت آتے ہی ہماری امیدیں کئی گنا بڑھ گئی تھیں کیونکہ پچھلے پانچ سالوں میں ایک سے زیادہ مواقع پر بالمشافہ ملاقاتوں میں میاں صاحب نے حکومت ملنے کی صورت میں تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا وعدہ کیا تھا اگرچہ ہمیں آج بھی میاں نوازشریف صاحب پر پورا یقین ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح گھمبیر مسائل پے درپے ان کے سامنے سر اٹھا رہے ہیں مگر لاپتہ افراد کے معاملہ پر حکومت کی خاموشی ہمارے لئے بیحد پریشانی کا باعث ہے۔ کئی مہینے گزرنے کے باوجود حکومت کی طرف سے ایک انچ کی بھی پیش رفت سامنے نہیں آسکی بلکہ گمشدگیوں کا سلسلہ پرویز مشرف کے دور کی طرح جاری ہے۔ دوسری طرف وزیر داخلہ چودھری نثار کو ناکام کرنے کے لئے ان کی لاپتہ افراد کے لئے قائم کردہ ٹاسک فورس کوکچھ نادیدہ طاقتوں نے بْری طرح سے غیر موثر بنا دیا ہے جس کا اظہار پچھلے ہفتے ہی چیف جسٹس نے کھلی عدالت میں حکومتی نمائندہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان طارق کھوکھر کی سخت سرزنش کرنے ہوئے کیا۔ سپریم کورٹ میں جاری اپنے شوہر مسعود جنجوعہ کے کیس کے بارے میں استفسار پر انہوں نے کہا کہ یہ کیس 8سال سے جاری ہے۔ میں عدالت میں ناقابل تردید ثبوت پیش کرچکی ہوں۔ عدالتی ثبوتوں کے علاوہ مجھے فوج کے اندر سے بھی نام نہ بتانے کی شرطہ پر مسعود کے خفیہ اداروں کی قید میں ہونے کی شہادت مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ کئی سابقہ قیدی بھی ان سے مل چکے ہیں اگرچہ نتائج کے خوف سے گواہی دینے سے قاصر ہیں۔ میں ایک بار پھر وزیراعظم، حکومتی اور خفیہ اداروں سے التجا کروں گی کہ اب اور تاخیر نہ کریں، بہت دیر ہو چکی ہے۔