• news

منموہن کو دیہاتی عورت کہنا گالی نہیں، نریندر مودی احمق ہیں: بھارتی وزیر خارجہ

نئی دہلی (اے پی اے) وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کو مبینہ طور پر دیہاتی عورت کہے جانے پر بھارتی سیاست میں گرما گرمی جاری ہے۔ بی جے پی کے رہنما اور نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی رائی کا پہاڑ بنا کر پوائنٹ سکورنگ کی کوشش ان کے گلے پڑ گئی، بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے نریندر مودی کی باتوں پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے ایسی کوئی بات نہیں کی اور اگر ایسا کچھ کہا بھی ہے تو دیہاتی عورت ہونا کوئی گالی نہیں ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے اپوزیشن رہنما کو مکمل احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ نریندر مودی کو دیہاتی خواتین پسند نہیں، ان کے لئے ہر دیہاتی عورت ایک گالی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نہ تو اخبار پڑھتے ہیں اور نہ ہی ٹی وی دیکھتے ہیں، انہوں نے اپنے گرد چند احمق اکٹھے کر رکھے ہیں جن کی لکھی تقریریں مودی طوطے کی طرح پڑھ دیتے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ نے ہندو انتہا پسند رہنما پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے قول اور فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، ان کے اندر حقائق کو جاننے کی صلاحیت کی کمی ہے، وہ نہ تو سیاست کو سمجھتے ہیں اور نہ کچھ سیکھنا چاہتے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن