• news

لاپتہ شہری کے حوالے سے درخواست، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو کل طلب کر لیا گیا

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کے حوالے سے دائر درخواست پر ایڈیشنل سیکرٹری وزرات داخلہ کو (کل) جمعرات کو عدالت میں طلب کر لیا۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے لاپتہ شہری امیر علی کی بیوی راشدہ امیر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ طارق حیات عدالت پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ درخواست گذار نے توہین عدالت کی درخواست میں م¶قف اختیار کیا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ میرا خاوند جو لکی مروت سنٹر میں قید ہے اس سے ملاقات کرائی جائے، عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری کو عدالت میں طلب کیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ تین اکتوبر کو ایڈیشنل سیکرٹری عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن