جب تک قوم کا ساتھ رہا ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے: آرمی چیف
گیاری (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ماہرین نے گیاری کو اجتماعی قبر قرار دینے کی سفارش کی تھی لیکن شہیدوں کے جسد خاکی تلاش کرنے کا ہمارا فیصلہ ا ٹل اور غیر متزلزل تھا، پاک فوج نے مشکل کام کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور اللہ کی مدد سے اس میں کامیابی حاصل کی، مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ آرمی چیف جنرل کیانی نے شہدائے گیاری کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیاری سیکٹر کے شہدا اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آج ہم پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں، مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ دفاع پاکستان کے مقدس فریضے میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ شہداءکی قربانیوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ جب تک قوم کا ساتھ رہا ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی و غیر ملکی ماہرین نے گیاری شہداءکی تلاش کو مشکل قرار دیا تھا لیکن ہم نے عہد کیا تھا کہ گیاری کے تمام شہداءکو تلاش کریں گے۔ شہیدوں کو تلاش کرنے کا ہمارا فیصلہ اٹل اور غیر متزلزل تھا۔ فیصلہ کیا تھا کہ بظاہر مشکل نظر آنے والے اس کام کو انجام دیں گے اور تمام شہداءکے جسد خاکی کو عزت و تکریم کے ساتھ ان کے ورثاءکے حوالے کیا جائے گا۔ پاک فوج نے مشکل کام کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔ شہداءکے جسد خاکی کی تلاش کیلئے دن رات کام جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کو اللہ کی مدد کے بغیر پورا نہیں کیا جا سکتا تھا۔ دریں اثنا گیاری سیکٹر میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہداء کی یادگار پر تقریب ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی شریک ہوئے۔ آرمی چیف جنرل کیانی، شہداءکے ورثاء اور دیگر فوجی حکام نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ جنرل کیانی نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جنرل کیانی نے کہا کہ گیاری کے شہداء نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا، آج وہ یہاں آ کر مطمئن ہیں کہ پاک فوج نے شہداء کی تلاش کیلئے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ 133 شہداء کے جسد خاکی دریافت کر لئے باقی 7 شہداء کے جسد خاکی بھی ان کے ورثاء کے حوالے کئے جائیں گے۔ مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ اے این این کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے مقدس فریضے کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں اس کام پر پاک فوج کے جوانوں‘ ایف ڈبلیو او‘ نادرا‘ ایس پی ڈی کے افسران اور جوانوں کا مشکور ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس آپریشن کو کامیاب بنانے کےلئے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں پاکستانی قوم کا بھی شکر گزار ہوں جس کی مکمل حمایت اور دعا¶ں کی بدولت فوج کا حوصلہ بلند ہوا اور ہمارے اس یقین محکم کو مزید تقویت ملی ہے کہ دفاع پاکستان دفاع وطن کے مقدس فریضے کی ادائیگی میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہمیں جب تک قوم کا ساتھ رہا ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور دفاع وطن کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں ان ممالک‘ اداروں اور افراد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے تعاون کیا اورلواحقین کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل کی طویل و صبرآزما گھڑی میں بلند حوصلوں اور استقامت کا مظاہرہ کیا، یہ لوگ پاک فوج اور قوم کے محسنوں کے وارث ہیں۔ جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہاکہ میں وثوق سے کہتا ہوں کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو فراموش نہیں کرے گی اور پوری قوم بھی ان کی قربانیوں کو یاد رکھے گی جو قومیں اپنے شہداءکو یاد رکھتی ہیں وہی زندہ اور توانا رہتی ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار پرپھول چڑھائے اور پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہداءکے لئے خصوصی دعا کی گئی اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔