میانمار میں انتہا پسند بودھوں کے حملے جاری‘ مزید 5 مسلمان جاں بحق
ینگون/ واشنگٹن (این این آئی+ اے ایف پی) مغربی میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو ایک بار پھر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بدھ مت انتہا پسندوں کے تازہ حملے میں مزید 5 مسلمان جاں بحق ہو گئے۔ مقامی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ میانمار کی مغربی ریاست راخین میں بودھ انتہا پسندوں نے مسلمانوں پر شدید حملہ کیا ہے۔ مغربی اور شمال مغربی میانمار میں مسلمانوں کے خلاف ہفتہ سے جاری واقعات میں 59 گھر اور ایک مسجد نذر آتش کر دی گئی۔ خوفزدہ خواتین اور بچے جنگلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ ادھر صدر تھین سین نے ریاست رخائن کے متاثرہ علاقے تھنڈو کا دورہ کیا ہے۔ ایک مسلمان مائنٹ آنگ نے بتایا ہم خوف کے ماحول میں رہ رہے ہیں۔ حکومت تحفظ دینے میں ناکا م ہو گئی۔ ادھر میانمار کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں بان کی مون نے بھی مسلمانوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ۔ مسلم خاتون کو گزشتہ روز خنجر مار دیا گیا تھا۔