• news

وزیراعظم سے ملاقات‘ مشکل کی گھڑی میں بلوچ عوام کی مدد کرینگے: شہباز شریف

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے قائم فنڈ کیلئے 10کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ صوبہ پنجاب کے عوام مشکل گھڑی میں بلوچستان کے عوام کی مدد کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامناہے جس کے باعث معیشت سمیت زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے تعاون کے متعدد معاہدے کئے گئے ہیں جن پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں اور حکومت سرماےہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ بین الاقوامی کمپنی جنرل الیکٹرک کی جانب سے پنجاب میں توانائی کے شعبے میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار جنرل الیکٹرک (GE) مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور ترکی کے صدر و چیف ایگزیکٹو نبیل حبائب کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے ماڈل ٹاﺅن میںان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دےنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور جنرل الیکٹراک کے وفد نے پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ شہبازشریف نے جنرل ا لیکٹرک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کوئلے، پانی، ہوا، شمسی، بائیو گیس، بائیو ماس، گنے کے پھوگ اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ توانائی سیکٹر کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گڈانی میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں 10ہزار ایکٹر سے زائد قطعہ اراضی پر قائد اعظم سولر پارک بنانے کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگا واٹ سولر پاور کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بائیو ماس سے 5 میگا واٹ کے چھوٹے منصوبے لگانے کیلئے بھی تیز رفتاری سے کام کیا جارہا ہے۔ جنرل الیکٹرک توانائی کے شعبے میں پنجاب کے ساتھ تعاون کرے ہمیں خوشی ہوگی اور جنرل الیکٹرک قابل عمل منصوبوں کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے کہاکہ ایل این جی امپورٹ کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بجلی کی بچت کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کےلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جار ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی اورغیر ملکی کمپنیوں کو توانائی سیکٹر میں خصوصی مراعات فراہم کررہی ہے اور انشا اللہ حکومت توانائی بحران کے چیلنج کو ایک بہترین موقع میں بدل دیگی۔ جنرل الیکٹرک مشرق وسطی، شمالی افریقہ اورترکی کے صدرو چیف ایگزیکٹو نبیل حبائب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد کرناچاہتے ہیں۔ جنرل الیکٹر ک پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے اور توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کےلئے اقدامات کریں گے۔ دریں اثنا شہباز شریف نے ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق صدر میاں تجمل حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ثناءنیوز کے مطابق شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے جمہوری و سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔ صدر نے وزیراعلی پنجاب کو عوام کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت صدر نے پنجاب حکومت کے دیگر صوبوں بالخصوص بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھرپور تعاون پر وزیراعلی پنجاب کی تعریف کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعلی شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں میٹرو بس پروجیکٹ کے روٹ میں اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ میٹرو بس کے پورے روٹ کو سگنل فری بنانے کیلئے پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن