• news

کراچی‘ پی ٹی وی انجینئر سمیت 10 قتل‘ 2 مقابلے‘ کالعدم تنظیم کے امیر اور 5 کارکن مارے گئے

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ شہر میں فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے۔ نامعلوم افراد نے بلدیہ رشید آباد کے علاقے ہیں فائرنگ کرکے ڈیوٹی سے واپس جانے والے پولیس اہلکار غوث محمد کو قتل کر دیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق بدھ کو علی الصباح منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد میں اجتماع گاہ گراﺅنڈ کے نزدیک کالعدم تنظیم کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد شہید اللہ اور خیال بادشاہ ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول کے علاوہ تین دستی بم اور تین بال بم برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ سی آئی ڈی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان حب ریور روڈ پر لکی چڑھائی کے نزدیک شدید فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار سردار عبدالرﺅف اورجمال خان زخمی ہوگئے جبکہ چار دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت کالعدم تحریک طالبان کراچی کے امیر عبدالرحمان عرف لمبو‘ نائب امیر عارف عرف سجاد چھوٹا عرف ڈاکٹرمقبول‘ کمانڈر محمد غنی عرف مدثر اورکمانڈر سمیع کی حیثیت سے ہوئی جس کا تعلق مہمند ایجنسی سے تھا۔ ایس ایس پی چوہدری اسلم خان کے مطابق مارے جانے والے چاروں دہشت گرد عام انتخابات کے موقع پرکراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے دفاتر پر بم کے حملوں میں ملوث تھے۔ دو کلاشنکوفوں‘ آٹھ پستول اور دو ہزار راﺅنڈز کے علاوہ ایک ہنڈا سوک کار بھی برآمد ہوئی جس میں ڈیٹونیٹرز کے ساتھ دو سو کلو گرام بارودی مواد موجود تھا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں معمار کمپلیکس دوبئی مسافر خانے کے نزدیک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا تو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے کے علاوہ تین دستی بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں سہراب گوٹھ تھانے کے انچارج شعیب شیخ کے علاوہ دیگر دو پولیس اہلکار محمد عاشق اور اسلاف اللہ زخمی ہوگئے جبکہ رینجرز اور پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے البتہ پولیس اوررینجرز نے کئی گھنٹے طویل سرچ آپریشن کے بعد 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ تلاشی کے نتیجے میں ایک تیس بور پستول‘ دو کلاشنکوفیں‘ پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز اور پولیس کی وردیاں اور رینجرز کیپ (ٹوپیاں) برآمد کرلیں سرچ آپریشن کے دوران ایک مغوی نوجوان 16 سالہ یاسین کو بازیاب بھی کرایا گیا جسے کالعدم تحریک طالبان کے افراد نے چار روز قبل منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد سے اغوا کیا تھا۔ علاوہ ازیں پولیس کراچی میں صدر ممنون حسین کے بھانجے سے بھتہ طلب کرنے اور ان کی دکان پر فائرنگ کرنے والے تین ملزموں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی نوید احمد خواجہ کے مطابق گرفتار ملزموں عمران‘ عابد اور مصطفےٰ کا تعلق لیار ی گینگ وار کے اہم ملزم شاہد بکک کے گروپ سے ہے جسے سابق صدر آصف زرداری کے چیف سیکیورٹی آفیسر بلال شیخ کو بم حملے میں ہلاک کرنے کے الزام میں چنددن قبل ہی گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عابد‘ عمران اور مصطفےٰ نے نہ صرف صدر مملکت ممنون حسین کے بھانجے عبدالمطلب سے پچاس لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا بلکہ آرام باغ کے علاقے میں لائٹ ہاﺅس کے نزدیک عبدالمطلب کی دکان جدہ آئسکریم پر فائرنگ بھی کی تھی ملزموں کے دیگر دو ساتھیوں میں شاہد بکک کا بھائی اور سالا شامل ہیں۔ دریں اثنا ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اے این پی کے علاقائی عہدیدار پولیس افسر اور سرکاری ٹی وی کے ساﺅنڈ انجنیئر سمیت8 افراد ہلاک تین افراد زخمی ہوگئے۔ اے این پی کے علاقائی عہدیدار مشور نواز بنگش اور ان کے ساتھی وحید خان کو ڈرگ روڈ کینٹ بازار کے نزدیک موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ان کی ہلاکت کے بعد گلستان جوہر اور پہلوان گوٹھ میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں وغیرہ بند کردی گئیں۔ ادھر سائٹ کے علاقے رشید آباد میں ضیاءموڑ کے نزدیک مسلح افراد نے پولیس سب انسپکٹر45 سالہ غلام غوث کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا نیو کراچی میں بس سٹاپ کے نزدیک سے ایک شخص کی نعش ملی جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت پاکستان ٹیلی ویژن کے ساﺅنڈ انجنیئر انور حسین کی حیثیت سے ہوئی ہے جو گلستان جوہر میں رہتے تھے جنہیں نامعلوم افراد نے اغواءکے بعد قتل کیا۔ اس کے علاوہ پاک کالونی کے علاقے میں شاہ قبرستان کے نزدیک نامعلوم افراد نے ایک شخص40 سالہ اظہر کو سر پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ ڈاکس کے علاقے محمدی کالونی میں مسلح افراد نے ایک مکان میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان25 سالہ زاہد ولد جبار ہلاک اور45 سالہ مریم زوجہ بشیر زخمی ہوگئی جبکہ مائی کلاچی روڈ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن