نعمت رندھاوا کو مارنے کے احکامات اعلیٰ پارٹی قیادت نے دیئے‘ گرفتار ملزم نے اعتراف کر لیا: پولیس
کراچی (نوائے وقت نیوز) کراچی پولیس کے مطابق ملزم کاظم عباس رضوی کی نعمت علی رندھاوا قتل کیس میں بھی باقاعدہ گرفتاری ظاہر کر دی گئی۔ ملزم نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نعمت علی کے قتل کے احکامات میری سیاسی جماعت کی اعلیٰ قیادت نے دیئے۔ ملزم نے نعمت علی رندھاوا کیس میں دیگر 4 ملزموں کے نام بھی بتا دیئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کے واردات میں ملوث ہونے کے بیشتر شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری گذری خیابان رومی کے بس سٹاپ سے عمل میں آئی۔ ملزم کے قبضے سے برآمد نائن ایم ایم پستول نعمت علی رندھاوا کے قتل میں استعمال ہوا۔کاظم عباس کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ عید کے بعد ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ قبل ازیں ملزم کاظم عباس رضوی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے کاظم عباس رضوی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ کاظم عباس رضوی کے وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزم کو پتا بھی نہیں کہ اسے کس کیس میں گرفتار کیا گیا۔ معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، وکیل صفائی کی جانب سے کاظم عباس رضوی پر پولیس کی جانب سے تشدد کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ جج نے کاظم عباس رضوی سے ان کا نام اور کام کے بارے میں پوچھا جس پر کاظم عباس رضوی نے اپنا نام بتایا اور کہا کہ میں واٹر بورڈ کا ملازم ہوں، میٹرک پاس ہوں اور الیکٹریکل میں ڈپلومہ کیا ہے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔