گوجرانوالہ: آر پی او آفس میں جعلی ایم پی اے اور ٹی وی آرٹسٹ سمیت 3افراد کو پکڑ لیا تفتیش کے بعد سول لائن پولیس کے حوالے
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ پو لیس نے ریجنل پولیس آفیسر کو ملنے کیلئے آنیوالے جعلی ایم پی اے اور ٹی وی آرٹسٹ سمیت تین افراد کو پکڑ لیا، ابتدائی تفتیش کے بعد تھانہ سول لائن منتقل کر دیا گیا۔ آر پی او گو جرانوالہ سعد اختر بھروانہ کےساتھ ملاقات کیلئے محمد فیاض ان کے آفس پہنچا جہاں پر عملے نے بتایا آر پی او سعد اختر بھروانہ مصروف ہیں تاہم فیاض احمد نے عملے کو بتایا وہ لا ہور سے ایم پی اے منتخب ہوا ہے اور زبردستی آر پی او کے آفس میں جا کر بیٹھ گیا جس پر عملے نے ”چائے پانی“ سے تواضع کی اس دوران آر پی او سعد اختر بھروانہ آفس پہنچے تو فیاض نے انہیں بتایا وہ لاہور سے ایم پی اے منتخب ہوا ہے۔ ایس ایس پی رینج کرائم حماد رضا قریشی بھی کام کے سلسلے میں آر پی او کے آفس میں پہنچے جنہوں نے فراڈئیے ایم پی اے کو پہچان کر آر پی او کو بتایا مذکورہ شخص افسران سے کام کروانے کیلئے کبھی آرمی آفیسر بن کر جاتا ہے اور کبھی سیاسی شخصیت، قصور میں تعیناتی کے دوران انہوں نے اس شخص کیخلاف درج مقدمات کی انکوائری کی تھی۔ ڈرامے کا بھانڈا پھوٹتے ہی عملے نے آر پی او کے حکم پر جعلی ایم پی اے اس کے سا تھی ٹی وی آرٹسٹ احسان الحق کو قابو کرکے سول لائن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ٹی وی آرٹسٹ عبدالقیوم کا کہنا ہے وہ جعلی ایم پی اے کا سا تھی نہیں بلکہ جعلی ایم پی اے فیاض نے اسے جھانسہ دیا تھا اس کے وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید کے سا تھ اچھے مراسم ہیں چونکہ وہ ایک آرٹسٹ ہے اس لئے ایک کام کے سلسلے میں وہ فیاض کے سا تھ پرویز رشید کو ملنے کیلئے اسلام آباد جا رہا تھا۔