نثار کا قائم علی شاہ کو فون، گرفتار ملزمان کی سیاسی وابستگیاں ظاہر نہ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اے این این) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کراچی میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران حراست میں لئے جانے والے ملزمان کی سیاسی وابستگیاں ظاہر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو فون کیا جس میں کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیاں اور پیش رفت پر غور کیا گیا، دونوں رہنماﺅں نے ٹارگٹڈ آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی ملزم یا گروپ کا میڈیا ٹرائل نہیں ہو گا، ملزمان کی سیاسی وابستگی ظاہر کرنے سے غلط تاثر پیدا ہوتا ہے جو ماحول کی خرابی کا باعث بنتا ہے جو آپریشن کے لئے نقصان دہ ہے۔ حراست کے دوران کی جانیوالی پوچھ گچھ کو عام نہ کیا جائے۔