• news

محمد حفیظ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہیں۔۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز مشکل ہو گی۔۔ معین خان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز مشکل ہو گی، محمد حفیظ کو کارکردگی نہ دکھانے کے باعث ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پریکٹس میچ کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنا تھا۔ ٹیم کی تشکیل سلکیٹرز کا کام ہے۔ بطور منیجر ٹیم کھلاڑیوں کے ڈسپلن کا خیال رکھتا ہوں، ٹیکنیکل امور کی ذمہ داری کوچ کی ہے۔  تربیتی کیمپ میں اس وقت پاکستان کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور مستقبل میں ان کھلاڑیوں سے ہی قومی ٹیم کی تشکیل کی جائے گی۔ محمد حفیظ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان اور پاکستان کرکٹ کا سرمایہ ہیں وہ جلد ہی فارم میں واپس آ جائیں گے، کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ جاری رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی۔ مہمان ٹیم کے خلاف بہتر حکمت عملی، ٹیم ورک اور اچھی کارکردگی سے فتح نام کریں گے۔ معین خان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی بڑی وجہ پچ کی کنڈیشن بھی ہوتی ہے اس حوالے سے کسی کو مورد الزام ٹھہرانا غلط ہوگا اور قذافی سٹیڈیم میں بھی ایسی پچ کافی عرصے بعد ملی۔

ای پیپر-دی نیشن