• news

خیبر پی کے حکومت کا انسداد دہشت گردی کے لئے بااختیار ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ

پشاور (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے حکومت نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے انسداد دہشت گردی کا بااختیار ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اپنا انٹیلی جنس ونگ بھی ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ادارے کو دہشت گردی کے واقعات کی تفتیش کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔ سیکرٹری داخلہ سید اختر علی شاہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ادارے کا سربراہ ایڈیشنل آئی جی ہو گا۔ ادارے میں اہلکاروں کی تعداد ایک ہزار ہو گی۔ دریں اثناءخیبر پی کے کابینہ نے لوکل باڈیز بل اور احتساب ایکٹ کی منظوری دیدی۔ وزیر اطلاعات خیبر پی کے شاہ فرمان کے مطابق احتساب ایکٹ کے تحت آزاد احتساب کمشن قائم کیا جائیگا، عام شہری کی احتساب کمشن تک رسائی ممکن بنائی جائیگی۔ صوبائی حکومت عام آدمی کو جوابدہ ہوگی، ہر شہری حکومتی معاملات کے بارے میں بازپرس کرسکے گا۔ آن لائن کے مطابق اجلاس چار گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں پائی جانے والی غربت اور پسماندگی سے آگا ہ ہیں تاہم نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، صوابی، مردان جیسے علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کی ازحد ضرورت ہے۔ حکومت صوبے کے تمام اضلاع خصوصاً دیہی علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن