• news

کراچی : فائرنگ کے واقعات ‘ اے این پی رہنما سمیت 4 افراد قتل ‘ بنک منیجر کے گھر پر بم حملہ

کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی میں گذشتہ روز فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں اے این پی رہنما سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بنک منیجر کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ کورنگی ٹاﺅن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے این پی کے رہنما خطاب اللہ کو قتل کردیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ سٹیل ٹاﺅن میں لوٹ مار کرنیوالے افراد سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر نظام الدین شدید زخمی ہو گیا۔ لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں ٹانگہ سٹینڈ کے قریب کچرے کے ڈھیر سے نوجوان 26 سالہ نامعلوم کی بوری بند نعش ملی، فرنٹیئر کالونی میں بھتہ خوروں نے پیسے نہ دینے پر رفیق آفریدی جو نجی بنک کی شیر شاہ برانچ کا منیجر ہے، کے گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا، دھماکے سے گھر کی دیوار منہدم ہو گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر گرین ٹاﺅن سے ایک سیاسی جماعت کے سابق عہدیدار صلاح الدین کی نعش ملی۔ علاوہ ازیں رینجرز اور پولیس نے گذشتہ روز شہر اور باہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکر لیاری گینگ وار کے 8 ملزموں سمیت 60 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا ان میں لاہور کے علاقوں مغلپورہ اور انارکلی سے لیاری گینگ وار کے ملزموں ستار خضدی بلوچ اور عزیز اللہ کو گرفتار کرکے کراچی پولیس کی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے گارڈن اور لیاری سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث افراد زاہد، کاشف، سہیل مسیح اور ظہور کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 3 روز قبل گرفتار ہونیوالے ٹارگٹ کلر ارشاد نے 50 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا اور اپنے 12 جرائم پیشہ ساتھیوں کے نام پولیس کو بتا دئیے۔ علاوہ ازیں حیدر آباد سے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ تحریک طالبان کے رکن فرید احمد جبکہ میر پور خاص کے علاقے غریب آباد میں پولیس نے چھاپہ مارکر لیاری گینگ وار کے 5 ملزموں نعیم بلوچ، رحیم، عابد، فیصل اور ساجد کو گرفتار کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن