• news

سزائے موت پر پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے پر انسانی حقوق کمشن کا خیرمقدم

لاہور (آئی این پی) پاکستان کمشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے سزائے موت پر پابندی برقرار رکھنے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں سزائے موت کے نظام کی مکمل نظرثانی کی جائے۔ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ حکومت نے دبا¶ کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے‘ قومی مفاد میں فیصلہ کیا۔ جمعہ کو جاری ہونیوالے بیان میں کمشن نے کہا ہے کہ پھانسی پر عائد پابندی برقرار رکھنے کی خبر سزائے موت کے ہزاروں قیدیوں اور انکے اہل خانہ کیلئے کچھ حد تک تسکین کا باعث ہے بالخصوص ان قیدیوں کیلئے جنہیں مستقبل قریب میں پھانسی لگنے کی توقع تھی۔ کمشن کے مطابق یہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ پاکستان گزشتہ چند برسوں سے ملک میں پھانسی پر عائد پابندی سے آگے بڑھے کیونکہ متعدد ممالک میں کی گئی تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ سزائے موت کا جرائم کی راہ میں رکاوٹ ہونے کی دلیل ایک بے بنیاد مفروضے سے زیادہ کچھ نہیں مگر اسکے باوجود ہمارے ملک میں متعدد جرائم کیلئے سزائے موت مختص ہے۔ عدالتیں سزائے موت سنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں باوجود اس حقیقت کے کہ 8000 سے زائد سزائے موت کے قیدی پہلے سے ملک کی تنگ و تاریک جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ ایچ آر سی پی کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان خدشات کا ازالہ کرنے کیلئے جلد از جلد پیشرفت کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن