• news

سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھیں گی: تاجر رہنما

لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری نے برقی آلات پر سیلز ٹیکس کو 17 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کئے جانے کی مخالفت کی ہے۔ صدر لاہور ہائیڈ اینڈ سکن مرچنٹس ایسوسی ایشن شیخ محمد ارشد نے کہا کہ لوگ پہلے ہی پریشان ہیں۔ بجلی، پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد برقی آلات پر سیلز ٹیکس میں 2 فیصد اضافے سے مشکلات میں اضافہ ہو گا کیونکہ لوگوں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ ٹیکس کی شرح بڑھانے کی بجائے حکومت ٹیکس نیٹ وسیع کرے اور اپنے اخراجات میں بھی کمی کرے۔ اس سال آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق 12 لاکھ لوگ بے روزگار ہو جائیں گے۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران محمد اشرف بھٹی اور انجمن تاجران لا ہور کے صدر طارق فیروز نے سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد اسکے خلاف احتجاج ہو گا۔ حکومت ٹیکس کے معاملات پر تاجروں کو اعتماد میں نہیں لے رہی ہے۔ انجمن تاجران پنجاب کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن