لالو پرشاد کو جیل حکام نے ”لیکچرر“ بنا دیا قیدیوں کو سیاست پڑھائیں گے
رانچی(اے پی اے ) گزشتہ روز چارہ سکینڈل کیس میں عدالت کی جانب سے 5 سال قید کی سزا پانے کے بعد جیل میں قید سابق وزیر ریلوے اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادیو اب اپنے ساتھی قیدیوں کو سیاست کا مضمون پڑھائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رانچی کی برسا منڈا جیل میں قید لالو پرساد کو اس کام کے عوض روزانہ 25 روپے دیئے جائیں گے، جیل انچارج وریندرا کمار سنگھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کیونکہ لالو پرساد کی عمر زیادہ ہے اور ان کی صحت بھی خراب رہتی ہے اس لئے ہم ان سے زیادہ محنت طلب کام نہیں لے سکتے جس کے باعث ہم نے ان سے درخواست کی وہ قیدیوں کو سیاست کے مضمون پڑھائیں۔ واضح رہے کہ لالو پرساد یادیو نے پولیٹیکل سائنس میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور وہ اپنی وزارت کے دور میں بھی بھارت کی متعدد یونیورسٹیوں میں لیکچر دے چکے ہیں۔